ٹریفک جام،1وزیر ،2وزرا مملکت حلف نہ اٹھا سکے

عمران شاہ نیوفاقی وزیر ، شذرہ منصب اور ارمغان سبحانی نے وزیرمملکت کا حلف اٹھانا تھا ، تینوں ٹریفک میں پھنسے رہے 
 12 وفاقی وزرا، 9 وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا ، پرویز خٹک سمیت3 مشیر بھی شامل،کابینہ ارکان کی تعداد 49 ہوگئی 
اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی کابینہ میں توسیع کردی گئی، 12 وفاقی وزرا، 9 وزرائے مملکت نے حلف اٹھالیا۔ کابینہ ارکان کی تعداد 49 ہوگئی۔ٹریفک جام،1وزیر ،2وزرا مملکت حلف نہ اٹھا سکے، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے وزرا سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے ، کابینہ میں تین نئے مشیر بھی شامل کئے گئے،حلف اٹھانے والوں میں وفاقی وزرا میں طارق فضل چودھری ، حنیف عباسی، معین وٹو،مصطفی کمال،سردار یوسف، اورنگزیب کچھی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج ، علی پرویزملک،شزا فاطمہ،جنید انور اور خالد مگسی شامل ہیں۔طلال چودھری ، بیرسٹرعقیل ملک، ملک رشید، کھیل داس کوہستانی، عبدالر حمن کانجو، بلال اظہرکیانی، مختاربھرت،عون چودھری اور وجیہہ قمر نے بطور وزیرمملکت حلف اٹھایا۔حلف برداری کی تقریب میں وفاقی وزرا اور نو منتخب ارکان کابینہ کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی ، ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے تین وزرا وقت پرنہ پہنچنے کے باعث حلف نہ اٹھا سکے ان میں ایک وفاقی وزیر اور 2 وزرائے مملکت شامل ، ان میں عمران شاہ نیوفاقی وزیر جبکہ شذرہ منصب اور ارمغان سبحانی نے وزیرمملکت کا حلف اٹھانا تھا ،وفاقی کابینہ میں وزیراعظم شہباز شریف کے نئے تین مشیر بھی شامل کئے گئے ہیں نئے مشیروں میں پرویز خٹک، توقیر شاہ اور محمد علی شامل ہیں۔حلف برداری کے بعد وفاقی وزرا کی تعداد 31 ،وزرائے مملکت کی 11 ہوگئی اس کے علاوہ 3 نئے مشیروں کے بعد کابینہ میں 4 مشیر اور 3 معاون خصوصی بھی شامل ہیں۔نئے وزرا سے حلف ہونے کے بعد کابینہ کی مجموعی تعداد 49 ہوگئی۔سیکرٹری کیبنٹ ڈویڑن کی جانب سے وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کا حلف اٹھانے والے ارکان قومی اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔علی پرویزملک ،شزا فاطمہ خواجہ کو وزیر مملکت سے وفاقی وزیر بنایا گیا۔وزرا کے پورٹ فولیو (قلمدان)کے حوالے سے ابھی تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے وزرا سے انگریزی میں حلف لیا۔تقریب میں رضا حیات ہراج حلف اٹھانے والے واحد وزیر تھے جنہوں نے شیروانی زیب تن کر رکھی تھی۔ حنیف عباسی نے لال ٹائی نہ لگانے کے سوال پر کہا ’’لایٹ گرے ‘‘ٹائی کسی کی خواہش پر پہن کر آیا ہوں۔ تقریب میں وزیر اعظم ،سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق شریک نہیں ہوئے۔