ہر پرائس مجسٹریٹ کو روزانہ 100دکانوں کی معائنہ کی ہدایت

ساہیوال (خصوصی رپورٹ)ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے ہر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو روزانہ کی بنیاد پر 100دکانوں کی انسپکشن کرنے کی ہدایت کردی۔ انسپکشن کے دوران مقررہ قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، روٹی کی قیمت اور وزن کو بھی لازمی چیک کیا جائے۔ ناقص کارکردگی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پرائس چیکنگ کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ یکم دسمبر سے26دسمبر تک ضلع بھر کے پرائس مجسٹریٹس نے 24857 انسپکشنز کیں جس دوران ریٹس کی خلاف ورزی کرنے والے1044دوکانداروں کو34 لاکھ 9 ہزار 500روپے جرمانہ کیا گیا۔ سنگین خلاف ورزیوں پر4ایف آئی آر درج کروائی گئیں اور521دوکانداروں کو گرفتار بھی کیا گیا۔