نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے چین سے دبئی تک تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے پاکستان کے راستے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ نظام (ٹی آئی آر) کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ تاریخی سنگ میل پاکستان چین اقتصادی راہداری کی فعالیت میں ایک بڑا قدم ہے، جو چین سے خلیجی ممالک تک سامان کی ترسیل کے لیے ایک مختصر اور مؤثر راستہ فراہم کرتا ہے۔این ایل سی کے ٹرک نے چین کے کاشغر سے دبئی کے جبل علی پورٹ کی جانب روانگی کی ہے، جس میں سامان کی ترسیل 10 دنوں میں مکمل ہو گی۔ اس ترسیل کو خنجراب پاس کے ذریعے پاکستان میں مکمل کیا جائے گا، جو سوست میں اپنی پہلی منزل تک پہنچے گا۔ سوست میں اس تاریخی ترسیل کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گلگت بلتستان حکومت کے اعلیٰ عہدیداران، کسٹمز حکام اور تاجر برادری نے شرکت کی۔این ایل سی کا کہنا ہے کہ چین سے دبئی تک یہ ترسیل سمندری راستے کے مقابلے میں 20 دن کم وقت میں مکمل ہو گی۔
جہاں سمندری راستے سے سامان کو 30 دن لگتے ہیں، وہیں روڈ کے ذریعے صرف 10 دنوں میں سامان کی ترسیل کی جائے گی۔ اس سروس سے تاجر برادری کو کم وقت اور کم لاگت میں سامان کی ترسیل کے فوائد حاصل ہوں گے، جس سے تجارتی مواقع بڑھیں گے اور معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔یہ قدم خطے کے کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کا سبب بنے گا، اور پاکستان کی عالمی مارکیٹ میں اہمیت کو اجاگر کرے گا۔ تاجر برادری نے این ایل سی کی اس سروس کا خیرمقدم کیا ہے، جو پاکستان کو ایک اہم لاجسٹک مرکز کے طور پر ابھارتا ہے، اور اس کے ذریعے چین، پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان روابط میں مزید اضافہ ہو گا۔