قومی سلامتی کو یقینی بنانے میں میزائل ٹیکنالوجی اور جوہری پروگراموں کا کلیدی کردار ہے
مضبوط دفاعی نظام کے بغیر ممالک تباہ کن نتائج کا سامنا کرتے ہیں:وزیر اعظم آزاد کشمیر
مظفر آبا د(آن لائن)آزاد جموں و کشمیر اسمبلی نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی پابندیوں کیخلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی،سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی پیش کردہ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کرلیا ۔قرار داد میں امریکی حکومت کی بھارت کے حق میں علاقائی طاقت کے توازن کو بگاڑنے کی کوششوں کی مذمت کی گئی۔ قرار داد میں کہاگیا ہے کہ پاکستان کا میزائل پروگرام صرف دفاعی مقاصد اور بھارت کے جارحانہ ارادوں کو روکنے کے لیے ہے ،راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ امریکی حکومت کے اقدامات بھارتی لابی کے زیر اثر ہیں ، جو پاکستان کی دفاعی حکمت عملی کو مکمل طور پر نہ سمجھنے کا ثبوت ہیں، کشمیری عوام کسی بھی بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، امریکہ بھارت کو خطے کا "پولیس اسٹیشن" بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جہاں پاکستان واحد رکاوٹ ہے،پاکستان میں تخریب کاری میں غیر ملکی ہاتھوں کے ملوث ہیں۔ آزاد کشمیر کے موجودہ وزیر اعظم چوہدری انوارالحق نے پاکستانی فوج کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ قومی سلامتی کو یقینی بنانے میں میزائل ٹیکنالوجی اور جوہری پروگراموں کے کلیدی کردار ہے، مضبوط دفاعی نظام کے بغیر ممالک تباہ کن نتائج کا سامنا کرتے ہیں ، لیبیا، شام، لبنان اور غزہ کی مثالیں شامل ہیں۔ قومی سلامتی کوئی متنازع موضوع نہیں بلکہ اس کی اہمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔