پولیس نے محفل میلا پر دھاوا بولا تو بھگدڑ کے دوران 2 افراد گرم تیل کی کڑاہی میں گرگئے
زخمی حالت میں بھی پولیس گرفتار کرکے لے گئی، پولیس کا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے،پی ٹی آئی رہنما
لاہور(آئی این پی ) لاہور کے علاقے راجگڑھ میں پی ٹی آئی رہنما زبیر نیازی کے گھر پر محفلِ میلاد کے دوران پولیس نے چھاپہ مار کر متعدد رہنمائوں اور کارکنان کو حراست میں لینے کی اطلاعات ملی ہیں۔ میڈیارپورٹ کے مطابق زبیر نیازی نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری نے راجگڑھ میں واقع ان کے گھر پر اس وقت چھاپہ مارا جب وہاں محفلِ میلاد کا اہتمام کیا گیا تھا، پولیس نے موقع پر موجود ان کی والدہ، ان کے بھائی ایڈووکیٹ شرجیل خان نیازی، رکنِ پنجاب اسمبلی سعدیہ ایوب، اشتیاق خان، مبین احمد، اور خالد اعوان سمیت 16 افراد کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ اشتیاق خان جو محفل میلاد النبی میں موجود تھے، پولیس نیجب محفل پر دھاوا بولا تو بھگدڑ کے دوران وہ اور ایک اور شخص گرم کڑاہی میں گر گئے، افسوسناک امر یہ ہے کہ زخمی حالت میں بھی پولیس انہیں گرفتار کرکے لے گئی، جب کہ پولیس نے حراست میں لینے کے کچھ ہی دیر بعد ان کی والدہ کو رہا کر دیا، تاہم باقی دیگر تمام رہنمائوں، وکلا اور کارکنان کو تحویل میں رکھا گیا ہے