10 مسلح نقاب پوش افراد کمرے میں داخل ہوئے،چیزوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی:نادیہ خٹک
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں پی ٹی آئی کے رہنما اسد خان کو مبینہ طور پر نامعلوم مسلح افراد نے گھر سے اغوا کرلیا۔ اسد خان کے بھائی حسن خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نقاب پوش افراد صبح سویرے گھر میں داخل ہوئے۔حسن خان کے مطابق نامعلوم نقاب پوش افراد نے صبح سوا 5 بجے اسد خان کو ان کے گھر سے اغوا کیا۔ واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں، اسد خان کی موجودہ صورتحال اور مقام کے بارے میں بھی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما نادیہ خٹک نے بھی واقعے سے متعلق اپنا بیان جاری کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اسد خان کے گھر مہمان کے طور پر موجود تھیں، جہاں تقریبا 10 مسلح نقاب پوش افراد کمرے میں داخل ہوئے۔نادیہ خٹک کے مطابق مسلح افراد نے ان سے ان کی چیزوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی اور بعدازاں انہیں کمرے سے اٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں اسد خان کے ساتھ ایک گاڑی میں بٹھایا گیا، تاہم راستے میں گاڑی روک کر انہیں چھوڑ دیا گیا۔