نئی نسل کی کردار سازی سیرت النبی کی تعلیمات کے مطابق کرنا ہوگی، نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے، اس لئے اس کے اخلاق و کردار کی تعمیر سیرت النبی کی تعلیمات کی روشنی میں کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے
سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات قابلِ تحسین ہیں:وزیراعظم کا قومی سیرت النبی کانفرنس سے خطاب ‘شہبازشریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید کی الوداعی ملاقات
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے دشمن نے پوری کوشش کی کہ خطے کے مسلمان ممالک میں تقسیم پیدا کریں لیکن مسلمانوں میں تقسیم کی اس سازش کو فیلڈ مارشل کی قیادت میں ناکام بنایا گیا، نئی نسل کے اخلاق و کردار کی تعمیر سیرت النبی کی روشنی میں کرنا ہوگی۔ قومی سیرت النبی محمد مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قومی سیرت النبی کانفرنس پاکستان کی قابلِ فخر قومی روایت ہے، ربیع الاول کی مناسبت سے اس عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہ اخلاق و کردار کا کامل ترین نمونہ ہے، ہمیں اپنی زندگیوں میں نبی کریم کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ کو اپنانا چاہیے۔ نئی نسل پاکستان کی امید اور مستقبل ہے، اس کی تعلیم و تربیت ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم جیسی نسل تیار کریں گے، پاکستان کا مستقبل بھی ویسا ہی ہوگا، اس لیے نوجوانوں کی کردار سازی، تعلیم اور تربیت پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اتحاد اور یکجہتی سے بڑے سے بڑے چیلنج کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے، امت مسلمہ کو ذاتِ اقدس حضرت محمد مصطفی ﷺ کو مرکز بنا کر متحد ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسلمانوں کے اتحاد اور جنگ بندی کیلئے مخلصانہ کوششیں کیں جب کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں جنگ بندی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا‘ ترکیے اور سعودی عرب وہ ساتھی ہیں جنہوں نے اچھے برے ہر وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔دریں اثناء شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید نے الوداعی ملاقات کی ہے۔وزیرِ اعظم نے سعودی سفیر کو ان کی سفارتی ذمے داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارک باد دی اور پاک سعودی تعلقات کے مزید استحکام کیلئے ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔اس موقع پر شہباز شریف نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کیلئے نیک تمنائوں اظہار بھی کیا۔وزیرِ اعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے سعودی عرب کے اہم کردار کی بھی تعریف کی۔سعودی سفیر نواف بن سعید نے کہا کہ سفارتی ذمے داریوں کے دوران ملنے والی گرمجوشی اور تعاون پر وزیرِ اعظم اور حکومتِ پاکستان کا شکر گزار ہوں، پاکستان میں قیام ایک یادگار اور خوش گوار تجربہ رہا۔