مقبوضہ کشمیر میں تباہ کن بارشیں، 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

مقبوضہ کشمیر میں تباہ کن بارشیں، 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

مقبوضہ کشمیر اس وقت شدید بارشوں اور سیلاب کی لپیٹ میں ہے، جس سے خطے میں تباہی مچ گئی ہے۔

 حالیہ بارشوں نے گزشتہ 50 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور صرف چند دنوں میں 360 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔شدید بارشوں کے باعث دریائے جہلم سمیت دیگر دریاؤں کے بند ٹوٹ گئے ہیں جس کے نتیجے میں درجنوں دیہات اور قصبے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ متعدد پل اور سڑکیں بہہ گئیں، جس سے آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے۔سیلابی صورت حال کے پیشِ نظر موبائل انٹرنیٹ، براڈبینڈ اور ٹیلیفون سروسز بھی معطل کر دی گئی ہیں، جس سے لوگوں کا بیرونی دنیا سے رابطہ کٹ گیا ہے۔ وادی میں دریائے جہلم کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے جبکہ انتظامیہ نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔مقبوضہ جموں اور ڈوڈا میں اب تک 37 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ بارشوں کے باعث وادی کے تمام تعلیمی ادارے آج بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ جموں و کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ مزید چند روز جاری رہے گا، جس سے حالات مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔ادھر بھارت کے شمالی علاقوں میں بھی بارشوں نے تباہی مچائی ہے۔ ہماچل پردیش اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے نتیجے میں منالی اور پٹھان کوٹ کے دریاؤں میں طغیانی آگئی ہے، جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔