سیلاب سے پنجاب میں صورتحال تشویشناک ہے، عبدالعلیم خان

راوی شاہدرہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا جائزہ ، انتظامیہ سے بریفنگ لی
  کچی آبادیوں کوخالی،سیلابی صورتحال کے باعث الرٹ ہونا پڑے گا:وفاقی وزیر
لاہور (آئی این پی )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا  ہے کہ سیلاب سے پنجاب میں صورتحال تشویشناک ہے۔ دریائے راوی سمیت 2 سے 3 دریائوں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے دریائے راوی شاہدرہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا اور صورتحال پر انتظامیہ سے بریفنگ لی۔ عبدالعلیم خان نے پانی کے بہا ئواور حفاظتی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ انتظامیہ کو ہدایت کی عوام کو ہر ممکن سہولت دی جائے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال خطرے والی ہے اور احتیاط کی ضرورت ہے، سیلابی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کام کررہی ہے، سیلابی صورتحال کے باعث آبادیوں کو الرٹ ہونا پڑے گا، دریا کے اندر قائم کچی آبادیوں کوخالی کرالیا گیا ہے۔