وزیراعظم شہباز شریف سے نیوزی لینڈ کے ہم منصب رائٹ آنریبل کرسٹوفر لیکسن نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔
وزیراعظم کو آج دوپہر نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کی جانب سے کال موصول ہوئی، جس میں گفتگو خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ اس دوران مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ہم منصب کو پاکستان کی جانب سے خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، خصوصاً واشنگٹن اور تہران کے ساتھ روابط کے حوالے سے پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے پاکستان کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔