بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی اہلیہ سنجنا گنیشن نے اپنے بیٹے انگد پر کی جانے والی بے رحمانہ ٹرولنگ کے خلاف انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
یہ واقعہ آئی پی ایل کے ایک میچ کے دوران پیش آیا، جب بمراہ کی ٹیم ممبئی انڈینز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو شکست دی۔ اس میچ کے دوران، کیمرے نے انگد کے چہرے پر آنے والے تاثرات کو قید کیا، جسے سوشل میڈیا پر صارفین نے مذاق کا نشانہ بنایا۔سنجنا گنیشن نے اس واقعہ پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند لمحوں کی ویڈیو فوٹیج کی بنیاد پر ایک چھوٹے بچے کے بارے میں قیاس آرائیاں کرنا نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہمارا بیٹا آپ کی تفریح کا ذریعہ نہیں ہے۔" انہوں نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اور جسپریت اپنے بیٹے کو سوشل میڈیا کی تلخیوں سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔سنجنا نے ان صارفین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے انگد جیسے معصوم بچے کے لیے ذہنی بیماریوں سے متعلق سنگین اصطلاحات، جیسے "ڈپریشن کا مریض"، استعمال کی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے الفاظ کا استعمال معاشرتی گراوٹ کا عکاس ہے۔سنجنا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، اور ان کی اسٹیڈیم میں موجودگی صرف بمراہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ہوتی ہے، نہ کہ کسی تفریح کا ذریعہ بننے کے لیے۔
یاد رہے کہ جسپریت بمراہ اور سنجنا گنیشن نے مارچ 2021 میں شادی کی تھی اور ستمبر 2023 میں ان کے ہاں بیٹے انگد کی پیدائش ہوئی۔ انگد کی عمر صرف ڈیڑھ سال ہے، اور اس نوعیت کی ٹرولنگ اور تبصرے ایک معصوم بچے کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہیں۔اس موقع پر بمراہ کی کرکٹ میدان میں شاندار کارکردگی نے تمام توجہ اپنی طرف مبذول کر لی۔ اتوار کو کھیلے گئے اہم میچ میں بمراہ نے لکھنؤ کے خلاف تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو 54 رنز سے فتح دلائی۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ، بمراہ ممبئی انڈینز کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں، اور انہوں نے 139 میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔