پنجاب میں ہسپتالوں کی نجکاری غریب عوام کیساتھ دھوکا ہے: حافظ نعیم

حکمرانوں کی تکبرانہ روش نے نظام کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے، ڈاکٹروں کے وفد سے گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب حکومت کی صحت کے شعبے میں نجکاری کی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی تکبرانہ روش نے عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے نظام کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ینگ ڈاکٹرز اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد سے منصورہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب حکومت بنیادی مراکز صحت سے لے کر جناح اور میو ہسپتال تک کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، جو عوامی صحت کے لیے شب خون ہے۔ملاقات کے موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی، گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے صدر ڈاکٹر سلمان حفیظ سمیت ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کے نمائندے موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے زور دے کر کہا کہ علاج کی بنیادی سہولت ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن سرکاری اداروں کو بہتر بنانے کے بجائے انہیں ٹھیکیداری نظام کے ذریعے نجی مفادات کے حوالے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 70 فیصد سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے بجائے ان کی نجکاری کا فیصلہ غریب عوام کے ساتھ دھوکا ہے۔ دیہی مراکز صحت کو مریم نواز کے نام سے منسوب کرکے پرائیویٹائز کیا جا رہا ہے جبکہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے جائز مطالبات کو 23 دن سے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔