پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف احتجاج جاری

سروسز،پی آئی سی،جنرل، چلڈرن ،گنگارام اورمیوہسپتال کی اوپی ڈی سروس ساتویں روز بھی معطل رہی
 لاہور (آئی این پی )پنجاب بھر میں سرکاری ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی او پی ڈی میں ہڑتال ساتویں روز بھی جاری رہی جس کے باعث ہزاروں مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتالوں سروسز، پی آئی سی، جناح، جنرل، چلڈرن، گنگارام اور میو ہسپتال میں او پی ڈیز مکمل طور پر بند ہیں۔ دیگر شہروں میں بھی صورتحال مختلف نہیں، جہاں نشتر ہسپتال ملتان، ڈی ایچ کیو بہاولپور، فیصل مسعود ہسپتال سرگودھا اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں بھی ڈاکٹرز نے او پی ڈی میں کام بند کر رکھا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کی قیادت میں مظاہرین نے جناح ہسپتال، سروسز ہسپتال، پی آئی سی، چلڈرن اور جنرل ہسپتال میں ریلی نکالی جس کے باعث ملحقہ سڑکیں بند ہو گئیں۔ ہڑتال کی وجہ سے ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے آٹ سورسنگ کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے احتجاج جاری رہے گا۔