اداکارہ نادیہ افگن نے اپنی حالیہ انسٹاگرام اسٹوری میں معاشرتی رویوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنی وفات کے وقت یہ وصیت کریں گی کہ ان کے جنازے میں کسی کو کھانا نہ کھلایا جائے۔
انہوں نے یہ بات اپنے والد کے انتقال کے ذاتی تجربے کے تناظر میں کہی، جس میں انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر سب سے زیادہ دکھ اس بات کا ہوا کہ کالونی کے انچارج سب سے پہلے یہ سوال کرتے ہوئے آئے کہ کرسیاں، ٹینٹ اور کھانے کا انتظام کہاں سے کروانا ہے۔نادیہ افگن نے بتایا کہ اس دن وہ دیر رات تک مہمانوں کی تواضع اور کھانے کے انتظامات میں مصروف رہیں، حالانکہ وہ خود شدید غم اور صدمے میں تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غم کے اس موقع پر لوگوں کی توجہ زیادہ تر روایتی انتظامات پر تھی، جبکہ ان کا دل غم میں ڈوبا ہوا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ تجربہ ان پر گہرا اثر چھوڑ گیا ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ ان کے انتقال کے وقت ایسا منظر دوبارہ نہ دہرایا جائے۔ اس لئے وہ وصیت کریں گی کہ ان کے انتقال پر کسی کو کھانا نہ کھلایا جائے اور جو آنا چاہے وہ آئے یا نہ آئے۔یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، جن میں کچھ لوگ اس عمل کی تعریف کر رہے ہیں اور کچھ اسے معاشرتی رویوں پر تنقید کا حصہ بھی سمجھ رہے ہیں۔