نیا بلدیاتی بل آدھا تیتر آدھا بٹیر ،ن لیگ نے خود ہی یہ الیکشن لڑنا تھا تو یہ تردد کیوں کیا ؟:مصباح الرحمن
لاہور (خصوصی رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی نے نئے بلدیاتی قانون کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 ضیاء کے 85 کے غیر جماعتی نظام کی کاپی ہے،نیا بلدیاتی بل آدھا تیتر آدھا بٹیر ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوٓں میاں مصباح الرحمن ،آصف ہاشمی، فیصل میر اور نرگس خان نے پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاوٓن میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے لاہور ڈویڑن کے مشاورتی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مجید غوری،سبط حسن،ڈاکٹر عائشہ ، ڈاکٹر ضرار یوسف،شہناز کنول،خرم فاروق،وحید لودھی اور ڈاکٹر وسیم میو بھی موجود تھے۔ میاں مصباح الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سر پر ہیں،یہ پہلا الیکشن ہے جس میں آزاد امیدوار ہونے کے بعد کسی جماعت کو جوائن کرنا ہو گا،ن لیگ نے خود ہی یہ الیکشن لڑنا تھا تو یہ تردد کیوں کیا ؟۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کولاہور میں 5000سے زائد امیدوار درکار ہیں ،ہمارا مطالبہ ہے صدر مملکت آصف زرداری ، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اس قانون کو پڑھ کر تبدیلی لائیں۔آصف ہاشمی نے کہا کہ ن لیگ والے خوفزدہ ہیں،آپ نے اتنے کام کئے ہیں تو پھر بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر کرانے چاہئیں۔ فیصل میر نے کہا کہ 2015ء کے الیکشن کی طرح ن لیگ کو واک اوور نہیں دینگے ، امید کرتے ہیں وزیر اعلیٰ مریم نواز پیپلز پارٹی کے جیتنے والے امیدواروں کو چھانگا مانگا سیاست کا شکار نہیں ہونے دیں گی، اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کرینگے۔پیپلز پارٹی ویمن ونگ لاہور کی صدر نرگس خان نے کہا کہ ابھی الیکشن شروع نہیں ہوئے اور ن لیگ کی بد نیتی ثابت ہو گئی۔