اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) قومی اسمبلی کی نو قائمہ کمیٹیوں، ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی اور پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس نہ ہونے سے پارلیمانی سرگرمیاں جمود کا شکار ہیں۔ پی اے سی سمیت سات قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس دو ماہ سے نہیں ہوئے جس سے پارلیمانی امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔قومی اسمبلی کی دو قائمہ کمیٹیاں انسانی حقوق اور ریلوے جبکہ ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی چیئرمین سے محروم ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اگست میں سات قائمہ کمیٹیوں اور پبلک اکا ئونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیا تھا جو تاحال منظور نہیں ہوا۔مستعفی ہونے والے چیئرمینوں میں جاوید اقبال وڑائچ (دفاعی پیداوار)، محمد عاطف (اقتصادی امور)، عظیم الدین زاہد (وفاقی تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ)، ثنااللہ مستی خیل (بین الصوبائی رابطہ)، حاجی امتیاز چودھری (امورِ کشمیر)، ملک عامر ڈوگر (مذہبی امور) اور خواجہ شیراز (سائنس و ٹیکنالوجی) شامل ہیں۔