پی ٹی آئی سے قومی اسمبلی میں تین اہم عہدے، کمیٹیوں کی رکنیت واپس لے لی گئی

عمر ایوب اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ ‘زرتاج گل کا پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ کا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ خالی  ‘ عمر ایوب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی فنانس کمیٹی سے بھی ڈی لسٹ
صاحبزادہ حامد رضا کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی چیئرمین شپ ختم کردی گئی‘پی ٹی آئی کے نااہل 7 ارکان سے قائمہ کمیٹی کی ممبر شپ  واپس‘ شیخ وقاص اکرم کی نشست  کوخطرہ

 اسلام آباد(یواین پی‘آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی میں بڑا دھچکا لگ گیا،جہاں تین اہم عہدے پارٹی سے واپس لے لیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں عمر ایوب اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ کردئیے گئے، اسی طرح زرتاج گل کا پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ کا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ بھی خالی ہوگیا ہے۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی سے اپوزیشن لیڈر کا چیمبر بھی واپس لے لیا گیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی قواعد کے مطابق ارکان کی نااہلیت سے ایوان کو آگاہ کردیا ہے، جس کے بعد اپوزیشن لیڈر کیلئے اپوزیشن اور سپیکر کے درمیان مشاورت کا عمل دوبارہ شروع ہوگا۔ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نئے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفیکیشن جاری کریں گے،پی ٹی آئی آزاد اراکین پارلیمانی لیڈراور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کیلئے دوبارہ نام دینا ہوں گے۔قومی اسمبلی میں عمر ایوب کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی فنانس کمیٹی سے بھی ڈی لسٹ کردیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے نااہل 7 ارکان سے قائمہ کمیٹی کی ممبر شپ بھی واپس لے لی گئی ہے۔۔ صاحبزادہ حامد رضا کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی چیئرمین شپ ختم کردی گئی، زرتاج گل قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں اور رائے حسن نواز سے قائمہ کمیٹی ریلوے کی چیئرمین شپ واپس لے لی گئی۔   ادھر ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کی نشست بھی خطرے میں ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کی رکن نوشین افتخار کی تحریک پر فیصلہ  11 اگست کو متوقع ہے۔  مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی نوشین افتخار نے پی ٹی آئی کے رکن شیخ وقاص اکرم کے خلاف تحریک پیش  کی تھی۔ قومی اسمبلی سے  منظور اس تحریک میں شیخ وقاص کی نشست خالی قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔