متحدہ عرب امارات میں 3 نومبر کو یوم پرچم انتہائی اہمیت اور حب الوطنی کا دن ہے، جو ہر سال منایا جاتا ہے۔
اس دن کو قومی یکجہتی اور ملک سے محبت کے اظہار کے طور پر منایا جاتا ہے۔ شیخ محمد بن راشد المکتوم، نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران، نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا پیغام میں ملک کی تمام وزارتوں، اداروں اور عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ 3 نومبر بروز پیر صبح 11 بجے ایک ساتھ یو اے ای کا قومی پرچم لہرائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے وطن سے وفاداری کے عہد کو تازہ کرنے، سرزمین سے محبت کا اظہار کرنے اور اپنے جھنڈے کو فخر سے بلند کرنے کا ہے، جو ہماری خودمختاری اور اتحاد کی علامت ہے۔ شیخ محمد بن راشد نے تمام اماراتیوں، رہائشیوں اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دن پرچم بلند کریں تاکہ ہم سب ایک قوم کے طور پر اتحاد، محبت اور وفاداری کی علامت بن سکیں۔
یوم پرچم کی اس سال 13ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، حالانکہ اس دن سرکاری تعطیل نہیں ہے، لیکن ہر سال اماراتی شہری اور غیر ملکی باشندے دفاتر، اسکولوں، پارکوں اور عوامی مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات میں حصہ لیتے ہیں۔اس دن کی ابتدا 2013 میں ہوئی، جب شیخ محمد بن راشد نے اسے اُس وقت کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی صدارت سنبھالنے کی سالگرہ کے موقع پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ دن ملک کی حب الوطنی، اتحاد اور خودمختاری کا مظاہرہ کرنے کا ایک اہم موقع ہے، اور ہر سال بڑی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔