کشمیری عوام کو اس سامراجی قبضے کے خلاف اپنی مؤثر آواز بلند کرنی ہوگی چیئرپرسن مسلم کانفرنس
مظفرآباد (آئی این پی ) مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم(کواف) سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے عوام کو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کی توجہ حاصل کرنے کی خاطر ایک ہمہ گیر عوامی تحریک بپا کرنی ہوگی۔27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں کشمیر پر غیر قانونی طور پر فوجی قبضہ کیا تھا، جو آج تک خطے میں بدامنی، ظلم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اس سامراجی قبضے کے خلاف اپنی مؤثر آواز بلند کرنی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے عوام بھارتی جبر و استبداد سے مکمل آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے متحد و منظم ہو جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مملکت خداداد پاکستان دنیا بھر میں کشمیری عوام کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرے اور عالمی فورمز پر بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو بے نقاب کرے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے 27اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر مختلف میڈیا نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا