پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے 9 محرم الحرام کے موقع پر عراق کے مقدس شہر کربلا سے اپنی روحانی حاضری کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کر کے مداحوں کو جذباتی کر دیا۔
اداکار ان دنوں محرم 2026 کے سلسلے میں عراق میں موجود ہیں، جہاں وہ مذہبی اجتماعات میں شرکت اور مقدس مقامات کی زیارت کر رہے ہیں۔ عمران عباس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر متعدد تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انہیں کربلا کی سبیلوں میں شریک ہوتے، روضۂ مبارک کی زیارت کرتے اور مختلف تاریخی و مذہبی مقامات کا دورہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے کربلا کے عجائب گھر (میوزیم) کی سیر بھی کی، جہاں موجود تاریخی اور مذہبی نوادرات کی جھلک اپنے مداحوں کو دکھائی۔ اداکار نے اپنی پوسٹس میں ایک نایاب منظر بھی شیئر کیا، جس میں حضرت امام زین العابدینؑ سے منسوب قرآنِ مجید کے تاریخی نسخے کی زیارت کرائی گئی۔
عمران عباس نے اپنی پوسٹس میں لکھا کہ وہ چاہتے ہیں جو افراد کربلا نہیں آ سکے، وہ بھی ان کی ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے اس مقدس مقام کی روحانی فضا سے کسی حد تک وابستہ ہو سکیں۔اداکار کی جانب سے شیئر کی گئی ان تصاویر اور ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ مداحوں نے "ماشاء اللہ"، "قبول ہو" اور "ہمیں بھی زیارت کرا دی" جیسے تبصروں کے ذریعے ان کے روحانی سفر کو سراہا، جبکہ کئی صارفین نے کہا کہ عمران عباس نے اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو کربلا کے مقدس مناظر سے روشناس کرایا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔