بلاول بھٹو نے ایوان میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا:مخدوم سیداحمد محمود

ملک کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز پر نہایت متوازن اور حقیقت پسندانہ مؤقف پیش کیا:عبدالقادر شاہین
لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، جبکہ چیف کوآرڈینیٹر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین نے قومی اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کو قومی مفادات، جمہوری استحکام اور عوامی ترجیحات کا بھرپور عکاس قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل تائید و حمایت کا اظہار کیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ایوان میں انتہائی سنجیدگی، سیاسی بصیرت اور قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز پر نہایت متوازن اور حقیقت پسندانہ مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے پاک–بھارت تعلقات، علاقائی سلامتی، سفارتی حکمتِ عملی اور قومی یکجہتی جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کو موجودہ علاقائی صورتحال میں تدبر، اتحاد اور مضبوط سفارتی کردار کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ اور ترقیاتی پالیسیوں پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے معاشی استحکام، عوامی ریلیف، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، زرعی شعبے کی بہتری، تعلیم و صحت کے فروغ اور پسماندہ علاقوں کی ترقی جیسے بنیادی قومی اہداف کو اجاگر کیا۔ ان کا مؤقف پاکستان پیپلز پارٹی کی اْس سیاسی روایت کا تسلسل ہے جس کی بنیاد عوامی خدمت، وفاقی ہم آہنگی اور جمہوری استحکام پر قائم ہے۔