بالی ووڈ کے نامور اداکار گووندا نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بھانجے، اداکار و کامیڈین کرشنا ابھیشیک کو ان کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے اور انہیں ٹی وی پر گووندا کی توہین کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
گووندا اور ان کی اہلیہ سُنیتا آہوجا اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے طویل عرصے سے خبروں میں ہیں۔ حال ہی میں سُنیتا نے گووندا پر سنگین الزامات عائد کیے تھے، جس پر گووندا نے ان بیانات کو خاندانی تنازع کا حصہ قرار دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق گووندا اور سُنیتا کے درمیان طلاق کی افواہیں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں۔ گووندا نے انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ اور قریبی افراد انہیں ایک بڑی سازش کا حصہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرشنا ابھیشیک کو ٹی وی پروگرامز میں ایسے جملے کہلوائے جاتے ہیں جو میری توہین کرتے ہیں، اور گووندا نے انہیں خبردار کیا کہ وہ میری مخالفت میں استعمال نہ ہوں۔
کرشنا ابھیشیک نے گووندا کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ماموں سے محبت اور احترام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گووندا ایک لیجنڈ ہیں اور ان کی سوچ نیکسٹ لیول ہے، اسی لیے وہ کبھی کبھی چیزوں کو مختلف زاویے سے دیکھتے ہیں، جو کسی کو مثبت اور کسی کو طنزیہ لگ سکتا ہے۔واضح رہے کہ گووندا اور سُنیتا آہوجا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں: بیٹی ٹینا اور بیٹا یش وردھن۔