صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو نے سندھ اسمبلی میں اپنے بیان میں کہا کہ ایچ آئی وی کا پھیلاؤ تشویش کا باعث ہے، تاہم آٹو لاک سرنجوں کے استعمال سے اس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد مل رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 60 فیصد اسپتالوں میں آٹو لاک سرنجیں استعمال ہو رہی ہیں، جو کہ استعمال شدہ سرنجوں کے دوبارہ استعمال کو روکنے میں مؤثر ہیں۔عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن دندان سازوں کی نگرانی کر رہا ہے اور ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ اور ویکسینیشن کے سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس بی کے کیسز کم ہو رہے ہیں، جبکہ سی کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے لیے زیادہ سے زیادہ اسکریننگ کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ کیماڑی اور قمبر شہداد کوٹ کی مکمل اسکریننگ کی گئی ہے تاکہ صحت کے مسائل کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہو سکے۔