ٹاؤن شپ کے مادر ملت روڈ پر واقع سہولت بازار میں اچانک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں فروٹ اور کریانہ کی 7 دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، آگ مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ اطلاع ملنے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، لیکن اس دوران دکانوں میں موجود سامان شدید نقصان کا شکار ہو گیا۔واقعے کے بعد، رکن پنجاب اسمبلی میاں عمران اور بی بی وڈیری نے متاثرہ سہولت بازار کا دورہ کیا اور آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے دکانداروں سے ملاقات کرکے ان کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی اور ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
متاثرہ دکاندار کے مطابق، آگ لگنے کے وقت سہولت بازار میں ویلڈنگ کا کام جاری تھا، اور اسی دوران حادثہ پیش آیا۔ دکاندار کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد فوری طور پر سہولت بازار انتظامیہ نے آگ بجھانے کے اقدامات کیے، جس سے آگ پر قابو پایا گیا۔بی بی وڈیری کا کہنا ہے کہ وہ متاثرہ دکانداروں کی داد رسی کے لیے وزیر اعلیٰ سے بات کریں گی اور ان کی معاوضہ اور امداد کے حوالے سے اقدامات کروائیں گی تاکہ متاثرہ افراد کو مالی اور سماجی مدد فراہم کی جا سکے۔ اس واقعہ پر مقامی انتظامیہ اور حکومتی اداروں کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔