ایرانشہر: ایرانی سیکیورٹی فورسز نے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں کارروائی کرتے ہوئے 13 شدت پسندوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کر لیا۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے مطابق یہ کارروائیاں ایرانشہر، خاش اور سراوان کے علاقوں میں کی گئیں۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے شدت پسندوں میں وہ افراد بھی شامل تھے جو حالیہ ایرانشہر حملے میں پولیس پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث تھے، جس میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔شدت پسند تنظیم جیش العدل نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ یہ گروہ ماضی میں بھی ایرانی فورسز پر متعدد حملوں میں ملوث رہا ہے۔سیستان بلوچستان ایران کا ایک حساس اور سرحدی علاقہ ہے، جو پاکستان اور افغانستان سے متصل ہے، اور یہاں طویل عرصے سے ایرانی فورسز، مسلح گروہوں، منشیات فروشوں اور علیحدگی پسندوں کے درمیان جھڑپیں معمول کی بات رہی ہیں۔