برطانیہ: دو سکھ ٹیکسی ڈرائیورز پر قاتلانہ حملہ

برطانیہ: دو سکھ ٹیکسی ڈرائیورز پر قاتلانہ حملہ

لندن:برطانیہ میں دو بزرگ سکھ ٹیکسی ڈرائیورز کو نسلی بنیادوں پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعہ اس ماہ کے آغاز میں پیش آیا جب تین افراد نے اچانک حملہ کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 64 سالہ ستنام سنگھ اور 72 سالہ جسبیر سانگھا شدید زخمی ہوئے۔ ستنام سنگھ کو زمین پر گرا کر شدید مارا گیا اور ان کی پگڑی بھی اتار دی گئی۔ جسبیر سانگھا کی دو پسلیاں حملے کے نتیجے میں ٹوٹ گئیں۔

ستنام سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:

"جب حملہ آور نے مجھے زمین پر پٹخا اور مکے مارے تو مجھے لگا کہ میں مر گیا ہوں۔ جب اٹھا تو دیکھا کہ سر پر پگڑی نہیں، اس لمحے مجھے ایسا لگا جیسے میری جان نکل گئی ہو۔"جسبیر سانگھا نے بھی حملے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب کچھ اتنی تیزی سے ہوا کہ انہیں اپنے دفاع کا موقع تک نہ ملا۔"میں زمین پر گر گیا اور حملہ آوروں نے مجھے لاتیں مارنا شروع کر دیں، کچھ بھی ہوسکتا تھا، میں مارا بھی جاسکتا تھا۔"
پولیس کارروائی
برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے واقعے کے بعد تین نوجوانوں کو گرفتار کیا تاہم بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے معاملے کو "نسلی اور تعصبانہ حملہ" قرار دے کر کیس درج کر لیا ہے۔