صحافیوں، وی لاگرز، ملازمین اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو وارننگ جاری کردی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) پاکستان ریلوے نے صحافیوں، وی لاگرز ، ریلوے ملازمین اور سوشل میڈیا انفلونئسرز پر پاکستان ریلویز کی حدود میں بغیر اجازت ویڈیوز بنانے اور فوٹوگرافی پر پابندی عائد کردی، اس پابندی کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی وارننگ بھی جاری کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے حکام کی جانب سے اس کی حدود میں سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک نیا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ریلوے حدود میں فلم سازی اور فوٹوگرافی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس سلسلے میں جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام بلاگرز، صحافیوں، وی لاگرز اور کانٹینٹ کریٹرز کے لیے ریلوے حدود میں بغیر اجازت فلم یا تصاویر بنانا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔پاکستان ریلوے کا اپنے ایک نوٹس میں کہنا ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر کوئی ویڈیو یا تصویر نہیں بنا سکیں گے، فوٹوگرافی یا ویڈیو گرافی کے لیے پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹر سے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہوگا، اس پابندی میں معاونت کرنے والے ریلوے ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس کے ساتھ ہی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔