ایشین گیم: اشعب عرفان نے بھارتی حریف کو شکست دے کر میڈل یقینی بنالیا

سیمی فائنل میں محمد اشعب عرفان کا مقابلہ بھارت کے ہی ٹاپ سیڈ کھلاڑی سے ہوگا،سیمی فائنل میں بھی بہترین پرفارمنس کی امید ہے:فہیم گل
ایچی ناگویا (سپورٹس ڈیسک)ایشین گیمز میں اشعب عرفان نے بھارتی حریف کو شکست دے کر پاکستان کا ایک اور میڈل یقینی بنادیا۔ ایچی ناگویا میں جاری ایشین گیمز کے مینز سنگلز اسکواش ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں محمد اشعب عرفان نے بھارتی حریف ویر چوٹانی کو 1-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی پالی۔محمد اشعب عرفان کی جیت کا اسکور 11-6، 8-11، 3-11 اور 3-11 رہا۔سیمی فائنل میں محمد اشعب عرفان کا مقابلہ بھارت کے ہی ٹاپ سیڈ کھلاڑی سے ہوگا۔پاکستان اسکواش ٹیم کے کوچ فہیم گل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان ایک اور میڈل کا حقدار ہوگیا ہے۔ فہیم گل نے کہا کہ سیمی فائنل میں بھی اشعب عرفان سے بہترین پرفارمنس کی امید ہے، اگر شکست ہوتی ہے تو پھر بھی وہ برانز میڈل وصول کریں گے۔واضح رہے کہ ایشین گیمز میں پاکستان کو اب تک ویمنز کرکٹ ٹیم اور مکسڈ مارشل آرٹس ایونٹ کی ساٹھ کلو گرام کیٹگری میں عاصم خان نے برانز میڈل دلا رکھا ہے۔