پی ٹی آئی کا پشاور جلسے کا اعلان، عمران خان کی رہائی اور ناانصافی کے خلاف احتجاج

پی ٹی آئی کا پشاور جلسے کا اعلان، عمران خان کی رہائی اور ناانصافی کے خلاف احتجاج

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماﺅں نے پشاور میں کل ہونے والے جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جلسہ عمران خان کی رہائی اور ملک میں بڑھتی ہوئی ناانصافی کے خلاف احتجاج کے طور پر ہوگا۔

صوبائی دارالحکومت میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور رہنما جنید اکبر جلسہ گاہ پہنچے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 2022ء کے بعد کی پالیسیوں کی وجہ سے حالات خراب ہوئے ہیں اور عمران خان کی کال پر کل پشاور میں جلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ بربریت اور دہشت گردی کے خلاف احتجاج ہوگا، اور پی ٹی آئی آئین و قانون کی حکومت کے لیے آواز بلند کرے گی۔اسد قیصر نے کہا کہ کل کا جلسہ صرف عمران خان کی رہائی کے لیے نہیں بلکہ امن کے قیام اور بڑھتے ہوئے کلاشنکوف کلچر کے خلاف بھی ہوگا۔

 انہوں نے بتایا کہ تیراہ کے واقعے پر عمران خان افسردہ ہیں اور افغانستان میں نئی جنگ کے ممکنہ خطرات سے قوم کو خبردار کیا جا رہا ہے۔جنید اکبر نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کو فسطائیت کا سامنا ہے اور کل کا جلسہ یہ ثابت کرے گا کہ قوم پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حاکمیت عوام کے ووٹ سے ہونی چاہیے اور جلسہ عوامی حمایت کے اظہار کا ذریعہ ہوگا۔پی ٹی آئی رہنماﺅں نے صحافیوں کو پی ٹی اے ایکٹ کے تحت جاری نوٹسز کی بھی مذمت کی اور کہا کہ پارٹی کا بنیادی مقصد ملک میں شفاف، آئین و قانون کی حکومت قائم کرنا ہے۔