وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے ایک فورس بنانے کا اعلان کیا ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں عمران خان کی طرف سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا جاتا ہے اور ذاتی معالجین تک رسائی نہیں دی جا رہی۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ عمران خان کی رہائی کے لیے "رہائی فورس" تشکیل دیں گے، جس کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ یہ فورس پرامن جدوجہد کرے گی اور عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں اس کے ممبران سے حلف لیا جائے گا۔ اس فورس کا چین آف کمانڈ عمران خان خود منتخب کریں گے اور ذمہ داری دینے والے کو اس کی کمانڈ سونپی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پہلے تیاری کریں گے، پھر لڑائی کریں گے، اور یہ لڑائی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لیے ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ انہیں ہٹانا چاہتے ہیں، وہ جان لیں کہ عزت و ذلت اللہ دیتا ہے، اور ہٹانے کے پیغام کے بارے میں بانی عمران خان کی بہنوں سے پوچھ لیں۔