24 ہزار مرد، 6 ہزار خواتین ، 30 سے زائد ٹرانس جینڈرز شامل
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر ٹریفک پولیس شہریوں کو محفوظ اور پر اعتماد ڈرائیور بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ سال 2025 میں 31 ہزار سے زائد افراد نے ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کی، جن میں 24 ہزار سے زائد مرد، 6 ہزار سے زائد خواتین اور 30 سے زائد ٹرانس جینڈرز شامل ہیں۔ تربیت دو مراحل میں دی جاتی ہے، پہلے مرحلے میں روڈ سیفٹی لیکچرز اور جدید سیمولیٹرز کے ذریعے ڈرائیونگ سکھائی جاتی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں پریکٹیکلی روڈ ٹریننگ دی جاتی ہے۔ تربیت مکمل کرنے والے سٹوڈنٹس کو سرٹیفکیٹ اور لائسنس جاری کیے جاتے ہیں۔ صوبے بھر میں پولیس ڈرائیونگ سکولز کی تعداد 128 تک پہنچا دی گئی ہے، جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار تعلیمی اداروں میں بھی ڈرائیونگ سکول قائم کیے گئے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ سال 2025 میں ڈرائیونگ سکولز کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی اور خواتین کو موٹر سائیکل کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے یہ ضروری ہے کہ شہری پہلے سیکھیں اور پھر ڈرائیو کریں، تاکہ سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کا طرز عمل اپنایا جا سکے۔