28 اکتوبر سے پنجاب میں بارشوں کے طاقتور سلسلے کی پیشگوئی

سوات میں بارش، مالم جبہ سمیت بالائی علاقوں میں ژالہ باری، موسم خوشگوار
کراچی ،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی
لاہور،سوات، کراچی ،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ،بیورو رپورٹ)محکمہ موسمیات نے پنجاب میں 28 اکتوبر سے بارشوں کا طاقتور سلسلہ داخل ہونے پیشگوئی کی ہے۔نئے مغربی موسمی سلسلے کے باعث صوبے بھرمیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔بارشوں کے اس طاقتور سلسلے سے موسم میں تبدیلی آئے گی اور صوبے میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ادھر مینگورہ شہر سمیت سوات کے میدانی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ وادی مالم جبہ سمیت بالائی اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے ساتھ ڑالہ باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی اور موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔دریں اثنا شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرار ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، تاہم رات کے وقت موسم نسبتاً خنک رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے اور پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 21.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔علاوہ ازیں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔