تحریک انصاف کو سیاسی گنجائش ملنی چاہیے:شوکت یوسفزئی

اداروں کے خلاف یوٹیوبرز کے کسی بیانیے کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں،رہنما 
پشاور(خصوصی رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کو 14 روز گزر چکے ہیں تاہم حکومت کا کوئی واضح وڑن سامنے نہیں آیا، اداروں کے خلاف یوٹیوبرز کے کسی بیانیے کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔اپنے بیان میں شوکت یوسف زئی نے حکومت کی پالیسیوں اور کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی نااہلی کے باعث ملک بند گلی میں کھڑا ہے، معیشت وینٹی لیٹر پر ہے اور ملک قرضوں پر چل رہا ہے، جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو سیاسی گنجائش ملنی چاہیے، بصورت دیگر پرامن احتجاج دوبارہ شروع ہوسکتا ہے،پارٹی اس وقت مزاحمتی اور مفاہمتی سیاست کے درمیان کھڑی ہے اور آئندہ کا فیصلہ حکومت کے رویے کو دیکھ کر کیا جائے گا، بیرون ملک مقیم یوٹیوبرز کو اب مشورے دینے سے باز رہنے کا کہہ دیا ہے۔شوکت یوسف زئی نے کہاکہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں اور پارٹی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں متحد ہے۔ وہ پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے رابطے میں ہیں اور کسی فارورڈ بلاک کی تشکیل نہیں ہورہی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی عمران خان کے بیانیے کو آگے بڑھائے گی اور عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی مذاکرات کی راہ نکل سکتی ہے۔