لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے راستوں کی بندش کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی متاثر ہو گئی ہے، جس سے پیٹرول کی قلت کا مسئلہ سنگین ہو گیا ہے۔
فیول ٹینکرز مختلف شاہراہوں پر رکے ہوئے ہیں اور جڑواں شہروں اور لاہور میں پیٹرول کی سپلائی معطل ہو گئی ہے۔سیکریٹری پٹرولیم ڈیلیرز ایسوسی ایشن خواجہ عاطف نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مسائل مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی روزانہ کی کھپت 50 لاکھ لیٹر سے زائد ہے اور پورے پنجاب کی یومیہ کھپت پانچ کروڑ لیٹر کے قریب ہے، جس کی وجہ سے لاہور کے کچھ پٹرول پمپس پر پٹرول کا اسٹاک کم ہو گیا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر، وزارت پیٹرولیم نے فوری اقدامات کرنے کے لیے چیف سیکرٹری پنجاب کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت اٹک آئل ریفائنری سے خام تیل کی فراہمی کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ پٹرول کی سپلائی جلد بحال کی جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔