بشریٰ بی بی کا شوہر کی بات ماننے سے انکار، ڈی چوک جانے پر اختلاف برقرار

بشریٰ بی بی کا شوہر کی بات ماننے سے انکار، ڈی چوک جانے پر اختلاف برقرار

ویب ڈیسک:بانیٔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنے شوہر کی بات ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

عمران خان نے حکومتی تجاویز میں سے ایک پر اتفاق کر لیا تھا اور حکومت سے بات چیت جاری رکھنے پر بھی رضا مندی ظاہر کی تھی، لیکن بشریٰ بی بی نے ڈی چوک جانے کے بارے میں اپنے شوہر کے موقف سے اختلاف کیا۔ذرائع کے مطابق، عمران خان نے گزشتہ روز بیرسٹر گوہر کے ساتھ ملاقات میں ویڈیو پیغام ریکارڈ کرایا، جس میں انہوں نے بشریٰ بی بی، علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی کارکنوں کے لیے پیغام دیا۔ اس ملاقات میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے حکومتی وفد سے بات چیت کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مذاکرات کی پیش رفت کے لیے حکومت سے بات چیت جاری رکھی جائے گی۔

تاہم، بشریٰ بی بی نے اپنے شوہر کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی دوسرے مقام پر احتجاج کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ سازشی عناصر ڈی چوک کے بجائے دوسرے مقام پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کو روکنا چاہتے ہیں، جبکہ عمران خان نے انہیں ہر صورت ڈی چوک جانے کا کہا ہے، کیونکہ ڈی چوک سے کم کسی بھی مذاکراتی فیصلے پر پی ٹی آئی کے کارکن راضی نہیں ہوں گے۔وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور، نے بھی پہلے ڈی چوک جانے کی مخالفت کی تھی، لیکن بعد میں وہ بھی ریڈ زون کی جانب روانہ ہوئے۔ اس وقت پی ٹی آئی کی قیادت میں ایک اختلافی صورتحال ہے جس میں حکومت سے مذاکرات اور احتجاج کی جگہ پر فیصلہ کرنے کے حوالے سے مختلف آراء ہیں۔