وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فسادیوں کے حملے میں زخمی ہونے والے کانسٹیبل مبشر کی شہادت پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے اور اس کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ احتجاج کے نام پر بے گناہ جانوں کا ضیاع نہیں ہونے دیں گے اور اس کا حساب ضرور لیا جائے گا۔انہوں نے شہید کانسٹیبل مبشر کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے افسران اور اہلکار میرے بھائیوں اور بچوں کی طرح ہیں اور ان کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ فسادیوں نے احتجاج کے دوران ایک اور بے گناہ کی جان لے لی ہے، اور یہ واقعہ پہلے کی طرح پولیس کی ڈیوٹی پر موجود کسی کے بیٹے کا قتل ہے۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ احتجاج کے نام پر خونریزی کا یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ حکومت اس جرم کو معاف نہیں کرے گی اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔