لاہور میں برائلر گوشت کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے، جس سے عام آدمی کے لیے گوشت خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔
لاہور انتظامیہ نے فارم گیٹ پر زندہ برائلر کا نرخ 383 روپے فی کلو اور ہول سیل مارکیٹ میں 397 روپے مقرر کیا ہے، مگر پرچون بازار میں زندہ برائلر کی قیمت 411 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ فارم مالکان نے سپلائی ریٹ 440 روپے تک بڑھا دیا ہے، جبکہ زندہ برائلر گوشت 640 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔صافی گوشت کی قیمتیں من مانے انداز میں بڑھ کر 750 روپے فی کلو تک پہنچ گئیں، جو عام صارف کی پہنچ سے بالکل باہر ہیں۔ فارم انڈوں کی طلب کے مقابلے میں سپلائی کم ہونے کی وجہ سے قیمت 304 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی کی قیمت 9 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔
اس صورتحال نے خاص طور پر کم آمدنی والے اور سفید پوش طبقے کو شدید متاثر کیا ہے، جو روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ادھر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ گوشت اور انڈوں کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے تاکہ عام شہریوں کو ریلیف مل سکے۔