چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی اجلاس میں عدم شرکت کا فیصلہ کرلیا

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی اجلاس میں عدم شرکت کا فیصلہ کرلیا

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے آئی سی سی کے جاری سالانہ اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر بھارتی میڈیا کی جانب سے حسب روایت منفی پراپیگنڈا شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی اجلاس میں ورچوئل (آن لائن) شرکت کریں گے جبکہ پاکستان کی باقاعدہ نمائندگی پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیراحمد سید کر رہے ہیں۔بھارتی میڈیا نے محسن نقوی کی غیر موجودگی کو ایشیا کپ 2023 میں بھارت کی میزبانی کے خلاف پاکستان کے مؤقف سے جوڑتے ہوئے اسے بائیکاٹ کے تاثر کو تقویت دینے کی کوشش قرار دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی میڈیا اجلاس میں چیئرمین پی سی بی کی عدم شرکت کو "سفارتی سرد مہری" سے تعبیر کر رہا ہے۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کا سالانہ اجلاس ان دنوں سنگاپور میں جاری ہے، جس کا آخری سیشن 20 جولائی کو ہوگا۔ اجلاس کی صدارت بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) کے سیکریٹری جے شاہ کر رہے ہیں، جو ان کی قیادت میں پہلا باضابطہ اجلاس ہے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین کا اجلاس میں شرکت نہ کرنا انتظامی مصروفیات کے باعث ہے اور اس فیصلے کا کسی بھی سیاسی یا کرکٹنگ مؤقف سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان کی طرف سے تمام متعلقہ ایجنڈوں پر بھرپور مؤقف پیش کیا جائے گا۔