غزہ: اسرائیلی حملے میں بچوں و صحافیوں سمیت مزید 23فلسطینی شہید

ہلال احمر کے 9ملازمین لاپتا،غزہ میں کھانے پینے کی اشیاء کی شدید قلت ،اقوام متحدہ کا غزہ میں عملے کی تعداد کم کرنے کا اعلان  
یمنی حوثیوں کا اسرائیل کے بن گوریان ایئر پورٹ اور بحیرہ احمر میں امریکی جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ،شام میں  اسرائیلی حملے میں 5افراد شہید 
 غزہ؍صنعا؍دمشق(آئی این پی )غزہ میں اسرائیلی درندگی جاری ہے، تازہ حملوں میں7بچوں سمیت مزید 23فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی حملوں میں الجزیرہ کے رپورٹر حسام اور ایک صحافی منصور بھی شہید ہوئے۔ دوسری جانب یمنی حوثیوں کا اسرائیل کے بن گوریان ائر پورٹ اور بحیرہ احمر میں امریکی جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی جنگ میں کم از کم 50 ہزار 82 فلسطینی شہید ایک لاکھ 13 ہزار 408 زخمی ہوئے ہیں۔  پر شجاعیہ اور الزیتون کے علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، اسرائیلی افواج وہاں گھروں پر حملے کر رہی ہیں۔جبالیہ میں آدھی رات کو انخلاء کے احکام بھی جاری کیے گئے، جہاں فلسطینیوں کو اندھیرے کے دوران آگ کی زد میں رہنے پر مجبور کیا گیا۔ادھر دیر البلاح میں اسرائیلی فورسز نے 2خاندانوں کے گھروں کو نشانہ بنایا۔وسطی غزہ کے بریج کیمپ میں ایک حملے میں ایک ہی خاندان کے 8فلسطینی شہری شہید ہوگئے، حملے سے لگنے والی آگ کئی گھنٹوں تک جلتی رہی، وسطی علاقے میں شہید ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔غزہ میں اب بھی کھانے پینے کی قلت ہے، ایندھن نہیں ، طبی سامان نہیں ہے اور کھانا پکانے کے لیے گیس بھی نہیں دی جا رہی۔فلسطین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے 9ارکان مسلسل تیسرے روز بھی لاپتا ہیں، وہ جنوبی غزہ کے رفح شہر میں امدادی مشن سے تاحال واپس نہیں پہنچ سکے۔ادھر اقوام متحدہ نے غزہ میں عملے کی تعداد کم کرنے کا اعلان کردیا، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے، غزہ میں صورتحال خطرناک ہوچکی ہے۔ 100میں سے 30 ارکان حفاظت کے لیے غزہ چھوڑ رہے ہیں۔ دوسری جانب یمنی حوثیوں نے اسرائیل کے بن گوریان ائر پورٹ اور بحیرہ احمر میں امریکی جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔حوثیوں کے عسکری ترجمان یحییٰ ساریہ نے ٹیلی وژن خطاب میں کہا کہ ان کے ایک بیلسٹک میزائل ذوالفقار اور ہائپرسونک میزائل فلسطین دوم نے تل ابیب میں بن گوریان ایئرپورٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ترجمان نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ٹرومین کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا اور کہا آپریشن میں یمن پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ادھر اسرائیلی فوج نے میزائل حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ علاوہ ازیں شام میں درعا کے قریب اسرائیلی حملے میں 5 افراد شہید ہوئے، درعا کے گورنر سیکرٹریٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے درعا کے قریب شام کے قصبے کویا میں مہلک حملہ کیا۔