پاکستانی طلبہ کی عالمی کامیابی: ورلڈ سکالرز کپ میں ٹاپ تھری میں جگہ بنا کر تاریخ رقم کر دی

لاہور(خصوصی رپورٹر)قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہونے والے عالمی سطح کے علمی مقابلے ورلڈ سکالرز کپ میں پاکستانی طلبہ نے شاندار کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا پرچم بلند کر دیا۔ لاہور کے ایچیسن کالج سے تعلق رکھنے والی تین سینئر ٹیموں نے 92 میڈلز اور 11 ٹرافیاں حاصل کر کے نہ صرف ایشیا میں پہلی پوزیشن حاصل کی بل کہ عالمی سطح پر ٹاپ تھری میں شامل ہو کر ایک نئی مثال قائم کر دی۔ ابراہیم عثمان اجمل، محمد احمد ذوالفقار اور حسین اسلم بھنڈر پر مشتمل ٹیم نے ٹیم کی سطح پر تیسری عالمی پوزیشن حاصل کی جبکہ 14 سالہ محمد احمد ذوالفقار نے انفرادی کارکردگی میں ایشیا بھر میں پہلی رینکنگ حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ورلڈ سکالرز کپ میں اس سال دنیا کے 50 سے زائد ممالک سے 1700 سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی، جن میں امریکا، برطانیہ، بھارت، چین اور افریقی ممالک کے طلبہ شامل تھے۔ طلبہ نے مختلف علمی موضوعات، مباحثوں، تحریری اظہار اور ٹیم ورک کے ذریعے اپنی ذہانت اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ایچیسن کالج کی ٹیموں نے امریکا کی ییل یونی ورسٹی میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ آف چیمپئنز کے لیے کوالیفائی بھی کر لیا ہے ۔