یہ فتح کئی نسلوں تک یاد رکھی جائے گی، ہم نے اپنی بقاء کو درپیش فوری خطرات کا خاتمہ کیا
صدر ٹرمپ ہمارے ساتھ اس طرح کھڑے جیسے آج سے پہلے کوئی نہیں ہوا، قوم سے خطاب
تل ابیب (آئی این پی )اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو تاریخی فتح قرار دیا ہے۔قوم سے خطاب میں انھوں نے کہا ہے کہ یہ فتح کئی نسلوں تک یاد رکھی جائے گی۔ ہم نے اپنی بقاء کو درپیش دو فوری خطرات کا خاتمہ کیا، ایک جوہری اور دوسرا بیلسٹک میزائلوں کا خطرہ۔ اگر ہم نے کارروائی نہ کی ہوتی تو ہمیں اپنی تباہی کا خطرہ درپیش ہوتا۔نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ آئی ڈی ایف نے ایران کی سینئر کمانڈ کو ختم کر دیا جن میں تین چیفس آف سٹاف، جوہری سائنسدان اور اعلیٰ عہدیدار شامل تھے، حملے کے دوران اصفہان، نطنز اور اراک میں موجود جوہری تنصیبات کو تباہ کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ ہمار دوست صدر ٹرمپ ہمارے ساتھ اس طرح کھڑے جیسے آج سے پہلے کوئی نہیں ہوا، ان کے احکامات پر امریکی فوج نے فردو میں موجود زیرِ زمین یورینیم افزودگی کی تنصیب کو نشانہ بنایا۔