لاہور (کرائم رپورٹر) حکومتِ پنجاب کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر کو تعریفی لیٹر جاری کیا گیا ہے، جس کی بنیادی وجہ گزشتہ ہفتے شدید بارشوں کے نتیجے میں منڈی بہاؤالدین جیل میں چار فٹ پانی داخل ہونے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی فلڈ ایمرجنسی میں آئی جی جیل خانہ جات نے موقع پر پہنچ کر ڈی آئی جی ریجن، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، سپرنٹنڈنٹ جیل اور ان کی ماتحت ورک فورس کے ساتھ مل کر چھتیس گھنٹے پر مشتمل نان سٹاپ آپریشن کے ذریعے ایک ہزار کے قریب قیدیوں کی حفاظت اور کیئر کو یقینی بنا کر حافظ آباد اور لاہور کی جیلوں میں محفوظ منتقل کیا ہے۔ ابھی مرمت اور جیل کی بحالی کا کام پوری محنت اور لگن کے ساتھ جاری ہے اور یکم اگست تک تمام قیدی واپس اپنی ضلعی جیل منڈی بہاؤالدین میں منتقل ہوں گے۔ حکومت پنجاب کی حوصلہ افزائی اور خدمات کے اعتراف پر آئی جی جیل خانہ جات نے انتہائی عاجزی سے اللہ تعالیٰ کا شکر اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے تمام سپرنٹنڈنٹ صاحبان اور ڈی آئی جی صاحبان کو مبارکباد دی ہے کیونکہ بلاشبہ یہ ٹیم ورک اور محنت کا نتیجہ ہے۔