لاہور(شوبز ڈیسک) فلم و ٹی وی کی معروف اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کا بحران معیاری پروڈکشن کے فروغ سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے۔ ایک انٹرویومیں ریشم نے کہا کہ انڈسٹری کی ترقی کیلئے تعلیم یافتہ اور پروفیشنل فلم میکرز کو آگے لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی کامیابی کیلئے صرف کہانی ہی نہیں بلکہ میوزک، ڈائیلاگ، کاسٹنگ، لوکیشن اورتکنیک کا انتخاب بھی بے حدضروری ہوتا ہے۔ جب تک نوجوان فلم میکرز ان تمام چیزوں پرتوجہ نہیں دیتے ، تب تک فلم کی بہتری اورکامیابی کے خواب تودیکھے جاسکتے ہیں لیکن عملی طور پر نتائج کا آنا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک فنکار کیلئے یہ سب سے اہم بات ہوتی ہے کہ اس کے کام کوسراہا جائے۔ اس لیے ضروری ہے کہ موجودہ دورمیں بننے والی فلموں کے انداز کوکچھ تبدیل کیا جائے۔