لاہور(کرائم رپورٹر)ملکی صورتحال اور ماہِ صیام کے پیش نظر لاہور میں ڈولفن اسکواڈ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ترجمان ڈولفن کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف شکنجہ مزید سخت کرتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اشتہاریوں، عدالتی مفروران اور عادی ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ایس پی ڈولفن اختر نواز کے مطابق مختلف مقدمات میں مطلوب 40 اشتہاریوں سمیت مجموعی طور پر 523 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے کارروائیوں کے دوران 348 ریکارڈ یافتہ اور 103 عادی مجرمان کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ مختلف زیرِ سماعت مقدمات میں ملوث 2 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا۔ مزید برآں اسٹریٹ کرمنلز اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک پستول، موٹر سائیکل، گولیاں اور میگزین برآمد کی گئی ہیں۔ بعد ازاں ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیاایس پی ڈولفن اختر نواز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ افراد کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر دیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔