مغربی ہوائیں پہنچ گئیں‘لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش

آ ئندہ پانچ روز  تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا:محکمہ موسمیات
 لاہور(آئی این پی‘آن لائن )مغربی ہوائوں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بارش ہوئی، موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا۔  نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)  کی جانب سے   جاری ایڈوائزری  کے مطابق شمالی اور مغربی علاقوں میں یکم مارچ تک برفباری، گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات  کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، جہانیاں اور وہاڑی میں ہلکی بارش ہوئی، لاہورکے علاقے جوہر ٹائون، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں رات گئے بوندا باندی ہوئی۔قصور، پنڈی بھٹیاں، رینالہ خورد، کندیاں چشمہ اور نواح میں بارش ہوئی، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بادل برسنے کی بھی پیشگوئی کر دی گئی، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی نویدسنا دی گئی،پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات  نے مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کے بعد  آ ئندہ پانچ روز  تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی  پیشنگوئی  کی ہے