یکم تا12ربیع الاول عشرہ رحمت للعالمینؐ منایا جائیگا

ملک بھرمیں تقریبات کاانعقاد،نوجوان نسل کوسیرت نبویؐ سے آگاہی دی جائیگی
اسلام آبادمیں بین الاقوامی سیرت النبیؐ کانفرنس،محفل نعت ہوگی:سرداریوسف 
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ قومی سطح پر یکم سے بارہ ربیع الاول تک عشرہ رحمت للعالمینؐ عقیدت واحترام سے منایا جائیگا،وزارت مذہبی امور نے سال 1447 ہجری کو حضور اکرم ؐ کی1500ویں ولادتِ باسعادت کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے،صوبائی اور لوکل حکومتیں نوجوان نسل کو سیرت ِ نبوی سے آگاہی دیں گی۔یکم تا 12 ربیع الاول پورے ملک میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا، عشرہ رحمت للعالمین ؐکا سب سے اہم حصہ اسلام آباد میں 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ؐ کانفرنس کاانعقادہے،جس میں اہم حکومتی شخصیات ، ممتاز علمائے کرام، سفارت کار اور بیرونِ ملک سے آنے والے معزز مہمان شریک ہوں گے، اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاسوشل میڈیا پر قرآن و حدیث کے حوالے غیر مستند حوالے دیئے جارہے ہیں جنہیں روکنا ضروری ہے سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کرکے سترہ ہزار ایسا مواد ہٹایا گیا جس میں توہین آمیز مواد موجود تھا، انہوں نے کہا نئی نسل اور پالیسی سازوں کی رہنمائی کیلئے سیرت النبیؐ پر بہترین اور منتخب مقالات کو ایک کتابی شکل دی جا رہی ہے ، یہ مقالات معروف درسگاہوں اور پبلک لائبریروں میں بھجوائیں جائیں گے۔ انھوں نے کہا صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیرت النبی ؐسے متعلقہ تقریبات کا انعقاد کریں۔ان تقریبات میں صوبائی سطح پر سیرت کانفرنسیں، محافلِ نعت، سیمینارز، مقابلے اور طلبہ و نوجوانوں کے لیے خصوصی پروگرام شامل ہوں گے،سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سیرت النبی ؐ پر خصوصی تقاریب، تقریری مقابلے اور آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوان نسل حضور اکرم ؐ کی تعلیمات سے روشناس ہو سکے۔اسلام آباد میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے ساتھ ساتھ ایک قومی "قرآن و سیرت نمائش"بھی ہوگی جس میں قرآن وسیرت سے متعلق نمونے، مطبوعات اور ڈیجیٹل مواد پیش کیا جائے گا۔11ربیع الاول کی شب قومی محفلِ نعت ہوگی،قومی مقابلہ کتب سیرت، نعت ومقالات 2025ء میں نمایاں پوزیشن لینے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گا،ہر صوبہ سرگرمیوں کی رپورٹس، تصاویر اور ویڈیوز وزارت کو بھیجے گاتاکہ ایک جامع قومی رپورٹ تیار کی جا سکے۔ سردار یوسف نے کہا میری قوم سے اپیل ہیکہ وہ عشرہ رحمت للعالمینؐکی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں اور اس بابرکت موقع کو قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور خیر و برکت کا ذریعہ بنائیں۔اس موقع پر غریب نادار اور ضرورت مندوں کے ساتھ خیر خواہی کریں اور خاص طور پر سیلاب متاثرین کی مدد کو ضرور پہنچیں۔