ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور انٹر بینک مارکیٹ میں آج کاروباری ماحول مثبت رہا۔
ہنڈرڈ انڈیکس نے ایک بار پھر ایک لاکھ 49 ہزار کی حد عبور کر لی جبکہ ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز ہی مثبت ہوا اور انڈیکس میں تیزی دیکھی گئی۔ کاروبار کے آغاز پر 386 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس 149,201 پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا۔ گزشتہ روز بھی انڈیکس ایک لاکھ 49 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا تھا، تاہم کاروباری دن کے اختتام پر منفی زون میں چلا گیا تھا۔
ادھر زرمبادلہ کی مارکیٹ میں بھی قدرے بہتری دیکھنے میں آئی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 10 پیسے سستا ہوا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 281 روپے 78 پیسے مقرر کی گئی ہے۔کاروباری ماہرین کے مطابق انڈیکس میں بہتری سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے، تاہم مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں کمی ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔