پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا اجلاس، 49 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری

پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا اجلاس، 49 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری

لاہور:پنجاب صاف پانی اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا تیسرا اجلاس چیئرمین چوہدری زاہد اکرم کی صدارت میں ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے صاف پانی پروگرام فیز ون کی منظوری دی گئی۔

 اجلاس میں 49 ارب روپے کی لاگت سے پانی کی 9 اہم سکیموں کی منظوری دی گئی۔تفصیلات کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل سے پنجاب کی 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد آبادی صاف پینے کے پانی سے مستفید ہو سکے گی۔ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں 4666 مراکز آب بشمول واٹر فلٹریشن پلانٹس قائم کیے جائیں گے۔ خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بوٹلنگ پلانٹس بھی لگائے جائیں گے تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری پانی فراہم کیا جا سکے۔چیئرمین گورننگ باڈی چوہدری زاہد اکرم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کے لیے تاریخی منصوبہ منظور کیا گیا ہے۔ سی ای او نوید احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ گرین پنجاب انیشیٹو کے تحت ترتیب دیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ کی گرین فنانس ٹیم کے ذریعے سولر کریڈٹ کا حصول ممکن بنایا جائے گا۔

مزید برآں، راولپنڈی، چکوال اور اٹک میں چھوٹے ڈیموں کے پانی کو جدید طریقوں سے پینے کے قابل بنایا جائے گا۔ سی ای او نوید احمد نے ارکان کو موجودہ منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔اجلاس میں گورننگ باڈی کے تمام سات اراکین نے شرکت کی جن میں ایم پی اے ملک خالد محمود وارن، ایم پی اے حمیدہ میاں، عرفان دولتانہ کے علاوہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، لوکل گورنمنٹ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے شامل تھے۔