رائٹرز کا کیمرامین حسام، امریکی خبرایجنسی، اخبار دی انڈیپینڈنٹ کی نامہ نگار مریم ابودقہ شامل
امریکی ٹی وی این بی سی کے صحافی ابوطحہ اور الجریزہ کے فوٹو جرنلسٹ محمدسلامہ بھی مارے گئے
غزہ(آئی این پی )اسرائیلی فوج کے غزہ کے النصر اسپتال پر حملے میں صحافیوں سمیت 15 افراد شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کے روز النصر اسپتال کو نشانہ بنایا اور اس حملے میں ڈیوٹی پر موجود 4 صحافیوں سمیت 15 افراد کی شہادت ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والے صحافیوں میں غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کا کیمرامین حسام المصری، امریکی خبرایجنسی ایسوسی ایٹڈپریس اور برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کی نامہ نگار مریم ابودقہ، امریکی ٹی وی این بی سی نیٹ ورک کا صحافی ابوطحہ اور الجریزہ کے فوٹو جرنلسٹ محمدسلامہ شامل ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج اور وزیراعظم آفس نے النصر اسپتال پرحملے سے متعلق فوری ردعمل سیگریز کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 4 مزید صحافیوں کی شہادت کے بعد غزہ میں اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں میں جان کی بازی ہارنے والے صحافیوں کی تعداد اب 244 ہوگئی ہے۔