سیما حیدر کو واپس نہ بھیجا جائے، راکھی ساونت کی اپیل

سیما حیدر کو واپس نہ بھیجا جائے، راکھی ساونت کی اپیل

بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت نے ایک بار پھر خبروں میں جگہ بنائی ہے، اور اس بار وہ پاکستانی خاتون سیما حیدر کے حق میں کھل کر سامنے آئی ہیں۔

 راکھی ساونت نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے اپیل کی کہ سیما حیدر کو پاکستان واپس نہ بھیجا جائے کیونکہ اب وہ ’’بھارت کی بہو‘‘ بن چکی ہیں۔راکھی ساونت نے اپنے پیغام میں کہا کہ سیما حیدر کا ماضی چاہے پاکستان سے جڑا ہو، مگر آج وہ ایک بھارتی مرد کے بچے کی ماں بن چکی ہیں اور بھارت میں شادی کر چکی ہیں۔ راکھی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی عورت اس سلوک کی مستحق نہیں ہے کہ اسے زبردستی اپنے وطن واپس بھیجا جائے، خاص طور پر جب وہ نئی زندگی شروع کر چکی ہو۔راکھی نے مزید کہا کہ اگر سیما نے یہاں شادی نہ کی ہوتی یا بچہ نہ ہوتا تو شاید بات کچھ اور ہوتی، لیکن اب چونکہ اس نے ایک بھارتی خاندان میں اپنی جڑیں گاڑ دی ہیں، اس لئے اسے واپس بھیجنا سراسر ظلم ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سیما حیدر نے مذہب بھی تبدیل کیا ہے، وہ مسلمان سے ہندو بن چکی ہیں اور سچن نامی بھارتی نوجوان سے شادی کر چکی ہیں۔

راکھی نے اپنے مخصوص انداز میں کہا، "سیما کوئی فٹ بال نہیں ہے جسے لات مار کر باہر نکال دیا جائے، وہ ایک عورت ہے، ایک ماں ہے، اور انسانیت کے ناتے اس کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔"سیما حیدر نے 2023 میں پاکستان سے اپنے چار بچوں کے ساتھ نیپال کے راستے بھارت پہنچ کر اتر پردیش کے رہائشی سچن کے عشق میں گرفتار ہو کر اس سے شادی کر لی تھی۔ رواں برس ان کے ہاں ایک بچے کی پیدائش بھی ہوئی ہے۔ سیما حیدر کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے اور وہ پاکستان میں بھی شادی شدہ تھیں۔تاہم بھارتی حکومت کے حالیہ اقدامات، جن میں پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کرنا اور تین دن کے اندر بھارت چھوڑنے کی ہدایات شامل ہیں، کے باعث سیما حیدر کی بے دخلی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ راکھی ساونت نے اس صورتحال میں سیما حیدر کے حق میں آواز بلند کی ہے اور ان کے ساتھ انصاف کرنے کی اپیل کی ہے۔